2 مارچ 2026 - 11:48
قائد ملت جعفریہ پاکستان کا رہبر معظم انقلاب کی شہادت پر تعزیتی پیغام / ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

  قائد ملت جعفریہ پاکستان کا حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر انتہائی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جمعة المبارک 6 مارچ کو یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ 

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،  قائد ملت جعفریہ پاکستان کا حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر انتہائی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جمعة المبارک 6 مارچ کو یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔  

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے رہبر انقلاب اسلامی و سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، ان کے ہمراہ چیدہ چیدہ نامور شخصیات اور ان کے خاندان کے افراد کی شہادت پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے چالیس روزہ کے سوگ کا اعلان کر دیا۔ جمعة المبارک 6 مارچ 2026ء کو سامراجی و صہیونی ننگی جارحیت کے خلاف ملک گیر پرامن احتجاج کی کال بھی دے دی۔

اپنے تعزیتی پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہید رہبر، مدبر و بصیر، حکیم و دانا عالم، زمان شناس، اصلاح نفس کی منزل پر فائز، عابد و شب زندہ دار کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: امت مسلمہ سمیت انسانیت کے لئے ان کی گرانقدر خدمات تھیں، ہر معاملے پر انہوں نے انسانیت کی فلاح کو ترجیح دی جس کا سب سے بڑا ثبوت جوہری توانائی کے باوجود ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے بارے واضح و دوٹوک موقف تھا۔

وہ تمام مظلومین جہان کے لئے بھرپور و توانا آواز بلند کرتے رہے، صہیونیوں اور سامراج کے عزائم و جرائم سے بخوبی آگاہ، ان کو بے نقاب کرنے، آزادی پسند لوگوں کے ضمیروں کو بیدار کرنے میں ان کا کردار تھا۔

مقبوضہ فلسطین ہو، مقبوضہ کشمیر ہو، روہنگیا کے مظلوم عوام ہوں یا افریقہ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں ہونیوالی ظلم و زیادتیاں، سید علی خامنہ ای مظلوموں کیلئے امید اور ایک پناہ گاہ تھے، اتحاد بین المسلمین اور مقدسات کی توہین سے اجتناب کے حوالے سے ان کے فتاویٰ نے بڑے گہرے، مثبت اور دوررس اثرات مرتب کئے وہ آخری دم تک غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کےلئے نہ صرف پریشاں تھے بلکہ میدان عمل میں موجود تھے۔

شہید رہبر فقط ایران نہیں بلکہ شہید ملت اسلامیہ اور شہید فلسطین ہیں، سامراج و صہیونیوں کا اصل مسئلہ ہی مظلوموں کی اس توانا آواز کو خاموش کرانا تھا۔

انہوں نے شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ الظمیٰ سید علی خامنہ ای کے ہمراہ چیدہ چیدہ نامور شخصیات سمیت رہبر انقلاب کے خاندان کے افراد کی شہادت پر ملک گیر40روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے شہید رہبر انقلاب و دیگر شہداءکےلئے 40 روز تک قرآن خوانی و مجالس تراحیم کے انعقاد کا اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا: دنیا پر اب نہ صرف واضح بلکہ آشکار ہو چکا کہ صہیون و سامراج سے امن کی توقع بھی عبث ہے، جنہیں نہ بین الاقوامی قوانین، چارٹرز، اصولوں کی پاسداری نہ ان میں کسی قسم کی کوئی اخلاقی روش پائی جاتی ہے، ان عظیم شہادتوں سے انقلاب اسلامی پہلے سے زیادہ قوی، مضبوط ہو گا اور جلد ظالم و ظلم کا خاتمہ ہو گا۔
 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha